کنداپور :21/اپریل (ایس او نیوز)کنداپور تعلقہ بیندور اور گنگولی حدود میں کل اور آج پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 2 ہلاک اورایک خاتون اور تین بائک سوار سمیت کل چار زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
کل رات 30-08بجے کے قریب بیندور پولس تھانہ حدود کے ناگور قومی شاہراہ پرایک راہ گیر کو راستہ پار کرنے کے دوران ایک انجان سواری ٹکردینےکے نتیجے میں راہ گیر جائے وقوع ہی ہلاک ہو ا ہے ۔مہلوک کی شناخت ہالگیری کے مکین راما (57)کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق راہ گیر راماجب اپنی راہ لیتے ہوئے سڑک پار کرنے لگاتو اسی وقت سواری نے ٹکردی اور اس کے سرکو کچلتے ہوئے فرار ہوگئی ۔ سواری کی پہچان نہیں ہوئی ہے۔ معاملہ کو لے کر بیندور پولس تھانہ میں کیس درج ہواہے۔
اسی طرح 21اپریل سنیچر کی صبح تلور سے کنداپور کی طرف روانہ بائک کو پیچھے سے ٹپر لاری ٹکرانے کے نتیجے میں بائک سوار موقع پرہی ہلاک ہونےکا واقعہ پیش آیاہے۔ جس کی شناخت پنگانی گڈے کا مکین یوگیش (50)بتائی گئی ہے۔ ذرائع کےمطابق کنداپور کی طرف روانہ بائک سوار یوگیش کو پیچھے سے آنے والی ٹپر نے ٹکر دی تو بائک سوار نیچےگر پڑا اور سواری نے اس کے سر کو کچل دیا ، بائک سواروہیں دم توڑ دینے کی بات کہی جارہی ہے۔ معاملے کو لے کر کنداپور ٹرافک پولس تھانے میں کیس درج ہواہے۔
تیسرا واقعہ بیندور پولس تھانہ حدود کے ناگور میں پیش آیا ہے جہاں سڑک پار کھڑی ایک خاتون کو کنداپور سے بیندور جانے والی لاری نے ٹکردی تو خاتون شدید زخمی ہوئی ۔ زخمی خاتون کی شناخت فاطمہ بی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ خاتون کے ہاتھ، سر اور پیر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔ جس کو ابتدائی طورپر کنداپور میں علاج کرنے کے بعد نازک حالت میں اُڈپی روانہ کیا گیا ہے جہاں اس وقت وہ زیر علاج ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جارہاہےکہ وہ گھر کا سامان خرید کر سڑک پارکرنےکے انتظارمیں تھی تو چلتی لاری نے اس کو ٹکر دی ہے۔ معاملے کو لے کر بیندورپولس تھانہ میں کیس درج ہواہے۔
چوتھا واقعہ آج گنگولی مین روڈ نزد رام مندر کے قریب پیش آیا ہے جہاں 2بائک کے درمیان ہوئی ٹکر کے نتیجے میں تین سوار زخمی ہوئےہیں، جن میں دو بائک سوار شدید زخمی ہو ئےہیں جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ بائک حادثے میں شدید زخمی سواروں کی شناخت پرشانت آچاری اور منجوناتھ آچاری اور پردیپ پجاری بتائی گئی ہے۔ پرشانت اور منجوناتھ اپنی بائک کے ذریعے تراسی سے گنگولی اور پردیپ پجاری بائک پر گنگولی سے تراسی کی طرف روانہ تھاتو یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ معاملے کو لے کر بیندور پولس تھانے میں پردیپ پجاری پر کیس درج کرلیا گیا ہے۔